2025 کا پہلا سورج گرہن آج ہوگا

 سال 2025 کا پہلا سورج گرہن آج (ہفتہ) کو رونما ہوگا، محکمہ موسمیات کے مطابق دنیا بھر میں لوگ اس فلکیاتی منظر کو دیکھنے کے لیے بےتاب ہیں۔

یہ سورج گرہن یورپ، ایشیا، شمالی اور جنوبی امریکہ، اور بحر اوقیانوس کے کچھ حصوں میں دیکھا جا سکے گا۔

تاہم، پاکستان اور بھارت میں یہ نظارہ ممکن نہیں ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، سورج گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 51 منٹ پر ہوگا۔

جزوی سورج گرہن اپنے عروج پر 3 بج کر 47 منٹ پر پہنچے گا اور یہ 5 بج کر 44 منٹ پر ختم ہو جائے گا۔

مزید برآں، رواں سال کا دوسرا سورج گرہن 21 اور 22 ستمبر کی درمیانی شب کو ہوگا، جو جزوی ہوگا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، سورج گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند، زمین اور سورج کے درمیان آ کر سورج کی روشنی کو مکمل یا جزوی طور پر روک دیتا ہے۔

سورج گرہن مختلف اقسام کے ہوتے ہیں، جو اس بات پر منحصر ہے کہ سورج کا کتنا حصہ چاند کی وجہ سے ڈھک جاتا ہے۔

اس فلکیاتی نظارے کو محفوظ طریقے سے دیکھنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اپنانا نہایت اہم ہے۔

براہ راست ننگی آنکھوں سے سورج کو دیکھنا انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے، حتیٰ کہ جزوی گرہن کے دوران بھی۔ ایسا کرنے سے بینائی کو مستقل نقصان پہنچ سکتا ہے یا نابینا پن کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

محفوظ طریقے سے سورج گرہن دیکھنے کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ سولر ایکلپس گلاسز استعمال کرنے کی سفارش کی جاتی ہے، جو سورج کی نقصان دہ الٹرا وائلٹ (UV) شعاعوں کو فلٹر کر کے آنکھوں کو محفوظ رکھتے ہیں۔





Comments

Popular posts from this blog

زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کی شاندار شروعات-

سوڈان میں اخوان المسلمون: مذہب کے نام پر سیاست کا انجام

ابراہیم معاہدوں کا پہلا بڑا امتحان: ایرانی حملے اور امریکی خاموشی